سام سنگ نے اس سال موبائل ورلڈ کانگریس میں اپنی گلیکسی ایس سیریز کو تو
پیش نہیں کیا تاہم اس کمپنی نے اپنے اب تک کے سب سے طاقتور ٹیبلیٹس کو ضرور
متعارف کرا دیا ہے۔ گلیکسی ایس 8 کے لیے تو صارفین کو ممکنہ طور پر اگلے
ماہ کے آخر تک انتظار کرنا ہوگا مگر جنوبی کورین کمپنی نے گلیکسی ٹیب ایس
تھری اور گلیکسی بک ٹیبلیٹس ضرور ایونٹ کے دوران پیش کیے۔
گلیکسی ایس ٹیب
تھری 2048 1536 ڈسپلے کی ایچ ڈی آر پلے بیک ڈیوائس ہے جو کہ براہ راست ایپل
کے آئی پیڈ پرو کے مقابلے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ اس میں آٹو کیلی
بریٹڈ اسپیکرز کا فیچر بھی دیا گیا ہے۔ بنیادی طور پر گلیکسی ٹیب ایس تھری
سام سنگ کا ایک اور نوٹ ٹیبلیٹ ہے جس میں 9.7 انچ کی امولیڈ اسکرین، چار جی
بی ریم، کوالکوم اسنیپ ڈراگون 820
پراسیسر، 13 میگا پکسلز کا رئیر کیمرہ،
6000 ایم اے ایچ بیٹری اینڈرائیڈ 6.0 آپریٹنگ سسٹم اور ایس پین سمیت دیگر
فیچرز موجود ہیں۔ گلیکسی ٹیب ایس تھری اگلے ماہ سب سے پہلے یورپ میں فروخت
کے لیے پیش کیا جائے گا جس کی قیمت 679 سے 769 یورو ہوگی۔
اس کے مقابلے میں
10 اور 12 انچ کے گلیکسی بکس ٹیبلیٹس ونڈوز 10 آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ
مائیکرو سافٹ سرفیس کے لیے خطرہ ہیں۔ گلیکسی بکس میں انٹیل پراسیسر دیا گیا
ہے جو کہ بڑی اپلیکشنز کو آرام سے چلانے کے لیے کافی ہے جبکہ ایس پین کے
ذریعے اپنی مرضی کے ڈیزائن ڈرا کیے جاسکتے ہیں۔ یہ ٹیبلیٹس ایل ٹی ای
ریڈیو، 4 سے 8 جی بی ایم، 128 سے 256 جی بی اسٹوریج، ایس پین، امولیڈ ڈسپلے
اور دیگر فیچرز کے ساتھ ہوں گے۔ ان کی قیمت اور فروخت کی تاریخ کا سام سنگ
کی جانب سے اعلان نہیں کیا گیا۔